لاہور میں سنگدل باپ نے روٹی گول نہ بنانے پر بیٹی کو قتل کردیا

ملزم نے انیقہ کی لاش کو میو اسپتال کے مردہ خانے کے باہر لاوارث حالت میں چھوڑدیا تھ

ملزم نے انیقہ کی لاش کو میو اسپتال کے مردہ خانے کے باہر لاوارث حالت میں چھوڑدیا تھ

لاہور: سنگدل باپ نے روٹی گول نہ بنانے پر  12 سالہ بیٹی کو تشدد کا نشانہ بنا کر جان سے ہی مار ڈالا۔

یہ افسوس ناک واقعہ 13 ستمبر کو لاہور کے علاقے نیوانارکلی میں پیش آیا جہاں 12 سالہ معصوم انیقہ کو اس کے باپ اور بھائی نے روٹی ٹھیک طرح سے نہ پکانے پر اسے ڈنڈے اور قینچی سے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کہ وجہ سے وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔جنونی باپ نے جرم چھپانے کے لئے بیٹے کے ساتھ مل کر انیقہ کی لاش کو میو اسپتال کے مردہ خانے کے باہر لاوارث حالت میں چھوڑدیا  اور بعد ميں خود مدعی بن كر شادباغ تھانہ ميں اغواءاور قتل كا مقدمہ بھی درج كرواديا۔..پولیس نے سی سی ٹی فوٹیج اور اہل محلہ کے بیانات کی روشنی میں تحقیقات کے بعد ملزم اور اس کے بیٹے کو گرفتار کرلیا جہاں دونوں سنگدل باپ پیٹے نے قتل کا اعتراف بھی کرلیا۔رپورٹ کے مطابق ملزم جنونی قسم کا انسان ہے اور اکثر اپنی بیوی اور بچوں کو مارتا رہتا ہے،تشدد کے باعث اس کی بیوی چار ماہ قبل گھر چھوڑ کر جاچکی ہے۔

مسئلہ کشمیر تین نسلوں سے اقوام متحدہ کی مستقل ناکامی بنا ہوا ہے، وزیراعظم کا جنرل اسمبلی سے خطاب

وزیراعظم نواز شریف نے بھارت کو بات چیت کا 4 نکاتی فارمولا پیش کردیا۔

وزیراعظم نواز شریف نے بھارت کو بات چیت کا 4 نکاتی فارمولا پیش کردیا۔

نیویارک: وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر تین نسلوں سے اقوام متحدہ کی مستقل ناکامی بنا ہوا ہے اور کشمیریوں کو شامل کئے بغیر یہ مسئلہ حل نہیں کیا جاسکتا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 70 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام مسئلہ کشمیر کا لازمی حصہ ہیں اور انہیں شامل کئے بغیر یہ مسئلہ حل نہیں کیا جاسکتا جب کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر بنیادی مسئلہ ہے جس کا حل ضروری ہے، پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرتا ہے جب کہ ہمارا اولین ہمسایہ پاکستان اورخطے میں امن نہیں چاہتا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں اور کشمیریوں کے مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے، دنیا میں کئی جگہ لوگوں کو حق خود ارادیت نہیں دیا جب کہ کچھ ملکوں نے عوام کے حق خودارایت کو کچل رکھا ہے، فلسطینی اور کشمیری جابرانہ تسلط کا شکار ہیں جب کہ فلسطین کا مسئلہ مزید سنگین ہوچکا ہے تاہم پاکستان فلسطین کواقوام متحدہ کا مکمل رکن بنائے جانے کی حمایت کرتا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے بھارت کو امن اقدامات کے لئے 4 تجاویز بھی پیش کیں جن میں کہا گیا کہ لائن آف کنٹرول پر مکمل جنگ بندی کے لئے 2003 کے معاہدے کا احترام کیا جائے، پاکستان اور بھارت کسی صورت ایک دوسرے کو طاقت کے استعمال کی دھمکی نہ دیں جب کہ بھارت کشمیر سے فوج کے انخلا کے اقدامات یقینی بنائے اور دونوں ممالک غیر مشروط طور پر سیاچن اور گلیشئیر سے فوجیں ہٹا لیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ دنیا میں تباہ جنگوں کے بعد صورتحال بہتر بنانے کے لئے بنائی گئی تھی جسے بنے 70 سال ہوچکے ہیں تاہم دنیا میں اب بھی دہشت گردی بڑھ رہی ہے، پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے اور ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے، آپریشن ضرب عضب دہشت گردی کے خلاف دنیا کا سب سے بڑا آپریشن ہے، دنیا سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں تاہم غربت اور جہالت کو ختم کئے بغیر دہشت گردی کو ختم نہیں کیا جاسکتا جب کہ دنیا کو داعش کی شکل میں ایک نئی دہشت گردی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قومی حکومت کےمثبت نتائج سامنےآئے اور پاکستان افغانستان میں امن و استحکام چاہتا ہے۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دنیا کے کئی خطوں میں مسلمانوں کے ساتھ  زیادتیاں ہورہی ہیں ، عالمی برادری کو مسلمانوں کے خلاف امتیازی رویے کو روکنا ہوگا، پاک چین اقتصادی راہداری سے پورے خطےمیں خوشحالی آئےگی اور خطے میں ترقی کے لئے چین کی اقتصادی اور معاشی کوششیں قابل تعریف ہیں۔

منیٰ حادثے میں شہید پاکستانی حجاج کی تعداد 42 ہوگئی

62 حجاج کرام اب بھی لاپتہ ہیں جنہیں جلد تلاش کرلیا جائے گا، پاکستانی سفیرمنظورالحق

62 حجاج کرام اب بھی لاپتہ ہیں جنہیں جلد تلاش کرلیا جائے گا، پاکستانی سفیرمنظورالحق

ریاض: منیٰ حادثے میں شہید پاکستانیوں کی تعداد 42 ہوگئی جب کہ 62 حجاج کرام اب بھی لاپتہ ہیں۔

وزیرمذہبی امور سردار یوسف کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت نے منی حادثے میں 1100 حجاج کرام کی شہادت کی تصدیق کی ہے کہ جب کہ حادثے میں شہید پاکستانی حجاج کی تعداد 42 ہوگئی جب کہ سعودی عرب میں پاکستانی سفیرمنظورالحق نے ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 62 حجاج کرام اب بھی لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لئے کام تیز کردیا گیا ہے اور امید ہے کہ انہیں جلد تلاش کرلیا جائے گا۔ پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ 35 زخمی حجاج کرام اب بھی زیرعلاج ہیں۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما طارق فضل چوہدری نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ سعودی عرب میں 228 لاپتہ حجاج کو اپنے پیاروں سے ملا دیا گیا ہے اور 63 ایسے حجاج ہیں جواب ابھی لاپتہ ہیں جن میں سے 27 ایسے ہیں جو سرکاری حج کوٹے پر گئے بقیہ نجی ٹور آپریٹر کے زریعے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی حکام نے شہید ہونے والے حجاج کی تصاویر جاری کی ہیں اگر کوئی لواحقین ان کی شناخت کرنا چاہتے ہیں تو پاکستانی سفارتخانے میں تصاویر موجود ہیں۔

رہنما (ن) لیگ نے وزیراعظم کی جانب سے اعلان کیا کہ شہدا کے لواحقین میں سے 2 سے 3 افراد کو حج آپریشن مکمل ہونے کے فوری بعد سرکاری خرچ پر عمرہ کی ادائیگی کے لئے بھیجا جائے گا جب کہ انہوں نے  شہید حجاج کے لواحقین کے لئے فی کس 5 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لئے فی کس 2 لاکھ روپے امداد کا اعلان بھی کیا۔

ادھر وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت مذہبی امور نے ہیلپ لائن قائم کر دی ہے جس پرمعلومات کے لئے  پاکستان سے اس نمبر 042111725425 پر معلومات لی جاسکتی ہیں جب کہ بیرون ممالک سے فون کرنے والوں کے لئے رابطہ نمبر 8001166622 دیا گیا ہے۔

منیٰ میں شیطان کو کنکریاں مارنے کے دوران بھگڈر مچنے سے شہادتوں کی تعداد 717 ہوگئی، 800 سے زائد زخمی

image

مکہ المکرمہ: منیٰ میں رمی جمرات کے دوران بھگڈر مچنے سے شہید ہونے والے افراد کی تعداد 717 ہو گئی ہے جب کہ 863 سے زائد افراد حادثے میں زخمی بھی ہوئے ہیں۔

پاکستان علما کونسل کے چیرمین مولانا طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر سے لاکھوں حاجی بڑے شیطان جمرات العقبہ کو کنکریاں مار رہے تھے کہ بھگدڑ مچنے سے متعدد حجاج کرام شہید جب کہ سیکڑوں زخمی ہو گئے۔

سعودی سول ڈیفنس کے مطابق رمی جمرات کے دوران بھگڈر مچنے سے شہید ہونے والے افراد کی تعداد 717 جب کہ زخمیوں کی تعداد 863  ہو گئی ہے۔ حادثہ اسٹریٹ نمبر 204 میں مکتب نمبر 93 کے قریب پیش آیا جہاں زیادہ تر الجزائر اور مصری شہری موجود تھے۔ سعودی سول ڈیفنس کے حکام کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والوں کو منیٰ کے قریبی اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ اسپتالوں میں میڈیکل ایمرجنسی بھی نافذ کر دی گئی ہے۔

سعودی حکومت اور رضا کاروں کی جانب سے امدادی کارروائیاں بھی جاری ہیں تا کہ جانی نقصان کم سے کم ہو۔ سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز بھی امدادی کارروائیوں کا جائزہ لینے کے لئے موقع پر پہنچ گئے ہیں جب کہ وزیراعظم پاکستان نے افسوسناک واقعہ پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ حج پر موجود پاکستانیوں سے متعلق معلومات اکٹھی کی جائیں۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے سعودی عرب میں پاکستانی سفارکار منظور الحق سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے افسوس کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر نے پاکستانی سفارتکار کو ہدایت کی کہ سعودی عرب میں موجود تمام خدام اور رضاکار امدادی کارروائیوں میں حصہ لیں۔ پاکستانی حج مشن ٹیم بھی ملکی حاجیوں کی تفصیلات جمع کرنے کے لئے منی پہنچ گئی ہے۔

پاکستانی سفارتخانے نے ملکی حاجیوں کی تفصیلات جاننے کے لئے 2 ہیلپ نائن نمبرز 00966125277537 اور 00966125458000 جاری کر دیئے ہیں جس پر اپنے پیاروں سے متعلق تفصیلات معلوم کی جا سکتی ہیں۔ دوسری جانب منیٰ حادثے میں 2 پاکستانیوں خلیل اور حاجی عارف کے شہید ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔

دوسری جانب سعودی عرب کے سرکاری ٹی وی کے مطابق سعودی حکومت نے منیٰ میں پیش آنے والے افسوس ناک حادثے کی اعلی ٰسطح پر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے جب کہ سعودی ولی عہد اور داخلہ شہزادہ محمد بن نایف نے بھی سیکیورٹی اداروں کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا جس میں منیٰ حادثے کی وجوہات پر غور کیاجائے گا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل مسجد الحرام میں طوفانی بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث کرین گرنے سے 100 سے زائد عازمین شہید جب کہ درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔ 2006 میں بھی منیٰ کے قریب بھگڈر مچنے سے 346 جب کہ 2004 میں رمی جمرات کے دوران 251 حجاج نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

ہندوستان:چپڑاسی کی نوکری کیلئے23لاکھ درخواستیں

23lac

لکھنو: ہندوستان کی ریاست اتر پردیش میں چپڑاسی کی نوکری کے لیے 23 لاکھ سے زائد امیدواروں نے درخواست دی جن میں 255 پی ایچ ڈی کرنے والے بھی شامل ہیں۔ اتر پردیش کے حکام کے مطابق ریاست میں 12 سال کے وقفے کے بعد چپڑاسی کی نوکری کی 368 اسامیوں کے خلالی ہونے کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ اس کے لیے امیدواروں سے درخواستیں طلب کی گئی تھیں۔

چپڑاسی کی نوکری کے لیے اہلیت کا معیار پانچویں جماعت پاس اور سائیکل چلانے میں مہارت ہونا رکھا گیا تھا۔ ریاستی سیکریٹریٹ میں چپڑاسی بھرتی ہونے والے شخص کی تنخواہ 20 ہزار ہندوستانی روپے دی جانی تھی۔ہندوستان کے اخبار دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق ڈپارٹمنٹ آف ایڈمنسٹریشن کے سیکریٹری پرتاب میتھل نے بتایا کہ 368 اسامیوں کے لیے حکام کو 23 لاکھ افراد کی درخواستیں موصول ہونا شدید حیران کن تھا۔

پرتاب میتھل کا کہنا تھا کہ نوکری کے اپلائی کرنے کا طریقہ آن لائن درخواست جمع کروانے کا رکھا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوکری کے لیے درخواست دینے والوں میں صرف 53 ہزار افراد ایسے ہیں جو پانچویں جماعت پاس ہیں جبکہ 20 لاکھ سے زائد افراد اپنی اسکول کی تعلیم مکمل کر چکے ہیں۔

جن افراد نے نوکری لے لیے درخواست دی ہے ان میں 255 پی ای ڈی کرنے والوں کے علاوہ 2 لاکھ 22 ہزار انجنیئرز بھی شامل ہیں جبکہ سائنس، کامرس اور دیگر علوم کے اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے جتنی بڑی تعداد میں امیدواروں کی درخواسیتں آئی ہیں ان تمام امیدواروں کے انٹرویو کرنے کے لیے ہی 4 سال کی مدت درکار ہو گی۔

احمد شہزاد کی شادی

ahmad

لاہور: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز احمد شہزاد نے ہفتہ کو اپنی زندگی کی نئی اننگز کا آغاز کر دیا۔سیلفی کنگ سمجھے جانے والے احمد کی لاہور کے ایک ہوٹل میں شادی کی تقریب منعقد ہوئی۔گولڈن شیروانی پہننے احمد جب اپنی بارات لے کر ہوٹل پہنچے تو ان کے قریبی دوست اور ٹی ٹونٹی کپتان شاہد خان آفریدی نے ان کا استقبال کیا۔

رگبی یونین کی تاریخ کا سب سے بڑا اپ سیٹ

rugby

 رگبی ورلڈکپ کے گروپ بی کے ایک میچ میں جاپان نے دو دفعہ کے عالمی چمپیئن اور فیورٹ جنوبی افریقہ کو34-32سے ہرا کر رگبی یونین کی تاریخ کا سب سے بڑا اپ سیٹ کر دیا ۔

انگلینڈ میں کھیلے جانے والے رگبی ورلڈکپ 2015 کے پول بی کے میچ میں جاپان کے کیرنے ہیسکیتھ نے آخری لمحات میں جنوبی افریقاسے فتح چھین لی۔

جنوبی افریقہ کو فرانکوئس لو اور بسمارک دو پلیسی کے بہترین کھیل کے باعث میچ کی ابتدا میں جاپان پر 12-10 سے برتری حاصل تھی لیکن جاپان کے آئیومو گورومارو نے 24 پوائنٹ حاصل کر کے میچ کو سنسی خیز بنادیا جسے ہیسکیتھ نے ڈرامائی فتح میں تبدیل کردیا۔

کراچی: سماء ٹی وی کی گاڑی پر فائرنگ

attackonsama

سماء ٹی وی کے مطابق ان کی ڈیجیٹل سیٹلائیٹ نیوز گیدرنگ (ڈی ایس این جی) وین پر لیاقت آباد 10 نمبر میں پل کے نیچے فائرنگ کی گئی۔   ڈی ایس این جی کے ڈرائیور نے بتایا کہ گاڑی پر 5 سے 6 فائر کئے گئے۔ سماء ٹی وی نے رپورٹ کیا کہ جس وقت گاڑی پر حملہ کیا گیا اس وقت گاڑی میں عملہ موجود نہیں تھا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ گاڑی کے ساتھ کیمرہ کامران الدین اور ڈرائیور سلیم تعینات تھے۔

فائرنگ سے جانی نقصان نہیں ہوا البتہ گاڑی کو نقصان پہنچا۔ سماء ٹی وی کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے فائرنگ کی، فائرنگ کے بعد ملزمان با آسانی فرار ہوگئےفائرنگ سے ڈی ایس این جی وین کے پیچے کا شیشہ ٹوٹ گیا جبکہ ٹائر گولی لگنے سے پنکچر ہوا۔

سماء کے کیمرہ مین کامران الدین نے بتایا کہ حملہ آوروں کی فائرنگ کے بعد انہوں نے ڈرائیور کو گاڑی تیز چلا کر محفوظ مقام پر لے جانے کا کہا، حملہ آروں نے ڈی ایس این جی پر پیچھے سے فائرنگ کی۔ کامران الدین نے بتایا کہ ایک شخص وہاں سے عید کے حوالے سے قربانی کا بکرا لے کر جا رہا تھا اس بکرے کو گولی لگی، جس سے بکرا مر گیا۔ حملہ ہونے کے فوری بعد لیاقت آباد 10 نمبر پر پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں کی بڑی تعداد پہنچی۔

کراچی۔ سرچ آپریشن کے دوران خود کش دھماکہ

blastinkarachi

ملیر کے علاقے رفاہ عام سوسائٹی میں حساس ادارے اور پولیس نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا۔ شہر کے خارجی اور داخلی راستے بند کر کے گھروں کی تلاشی لی جارہی تھی۔ سرچ آپریشن کے دوران خودکش بمبار نے گھیرے میں آنے پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی راو انوار نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے خودکش بمبار کا نام فرحان عرف پہلوان تھا۔ یہ دہشت گرد ایک سال سے اس مکان میں رہائش پذیر تھا۔ راو انور کا یہ بھی کہنا تھا کہ فرحان بہت بڑا دہشت گرد تھا۔ یہ دہشت گردی کی بہت سی وارداتوں میں ملوث تھا۔ پولیس افسر نے بتایا کہ خودکش بمبار نے پولیس اور حساس ادارے پر فائرنگ کی اور دستی بم کا استعمال بھی کیا۔ جس سے سابق ایس ایچ او سچل شعیب اور کانسٹیبل اشرف شدید زخمی ہوئے۔